ائیر انڈیا اس وقت ایک طیارہ گراؤنڈ کرنے پر مجبور ہو گئی جب کریو نے کیبن کے آس پاس چوہوں کو بھاگتے دوڑتے دیکھا۔
منگل کوروزنامہ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، یہ طیارہ نئی دہلی سے کولکتہ جا رہا تھا جب عملے کو چوہوں کی موجودگی کا پتہ چلا۔
روزنامہ نے ائیر لائن کے ایک نامعلوم عہدے دار کے حوالے سے بتایا کہ 'چوہوں کی طیارے میں موجودگی کسی بڑے سانحہ کا سبب بن سکتی ہے کیونکہ وہ الیکٹرک تاریں کتر سکتے ہیں'۔
'اگر ایسا ہو تو پائلٹ کا سسٹم پر کوئی کنٹرول نہیں رہتا اور طیارہ حادثہ کا شکار ہو سکتا ہے'۔
معاملے پر ائیر انڈیا کے کسی عہدے دار نے تبصرہ نہیں کیا لیکن
ائیر لائن کے ایک افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ طیارے میں چوہوں کا آ جانا انوکھی بات نہیں اور دنیا بھر میں ایسے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔
انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ چوہے عموماً کھانے کی بو سونگھتے ہوئے جہاز میں آ جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں جب مالی نقصان کی شکار ائیر انڈیا کے کسی طیارے میں ایسا واقعہ پیش آیا ہو۔
فروری میں اسی طرح کے ایک واقعہ میں ممبئی سے اڑان بھرنے والی فلائیٹ دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی تھی۔
سن 2009 میں ٹورنٹو جانے والی فلائیٹ گیارہ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ اس دوران جہاز کا عملہ چوہے پکڑنے کی کوششیں کرتا رہا۔